حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ، کرگل ڈیموکریٹک الائنس میں جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل کے نمائندے اور معروف سماجی و سیاسی تجزیہ کار سجاد حسین کرگلی اور کرگل ڈیموکریٹک الائنس میں انجمن اہل سنت والجماعت کرگل کے نمائندے اور سابقہ ایگزیکٹو کونسلر مبارک شاہ نقوی نے نئی دہلی میں فلسطین کے سفارت خانے میں منعقدہ ایک میٹنگ میں فلسطینی عوام کی حمایت کا اعلان کیا، اور وفود کو غزہ میں جاری نسل کشی کے درمیان اپنی غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرنے کے لیے سفیر عدنان ابو الحیجہ سے ملاقات کا اعزاز حاصل ہوا۔
جنوبی غزہ میں نسل کشی میں حالیہ اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے نمائندوں نے غزہ میں جاری مظالم اور معصوم جانوں کی نسل کشی پر شدید مذمت کا اظہار کیا۔
گفتگو کے دوران، سجاد حسین کرگلی اور مبارک شاہ نقوی نے کرگل کے مسلمانوں کی طرف سے یکجہتی اور فلسطینیوں کی آزادی اور ظلم سے آزادی کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے نا جائز اسرائیلی قبضے کے خلاف پرامن حل کے لیے عالمی تعاون اور کوششوں کی ضرورت پر تاکید کی۔